رمشا خان کی بہن علیشا خان کا نکاح، انگریزی میں رضامندی پر سوشل میڈیا پر بحث

پاکستانی اداکارہ رمشا خان کی بہن علیشا خان کی شادی کی تقریبات ان دنوں سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کررہی ہیں۔ نکاح کی تقریب کے ایک منفرد انداز نے صارفین کے درمیان نئی بحث بھی چھیڑ دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق نکاح کی تقریب دن کے وقت منعقد ہوئی، جہاں روایتی انداز میں ’’قبول ہے‘‘ کہنے کے بجائے انگریزی زبان میں رضامندی کا اظہار کیا گیا۔ تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد مختلف صارفین نے اس انداز پر اپنی آرا کا اظہار کیا۔

کچھ سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ پاکستانی شادی کی روایتی نکاح کی رسم میں انگریزی کا استعمال کیوں کیا گیا۔ بعض افراد نے روایتی ’’قبول ہے‘‘ کے طریقے کو زیادہ خوبصورت اور مناسب قرار دیا، جبکہ کچھ صارفین نے تقریب کے انداز اور دلہن کے انگریزی لہجے پر طنزیہ تبصرے بھی کیے۔

دوسری جانب رمشا خان نے اپنی بہن کی شادی کی تقریبات کے دوران میڈیا کی توجہ سے فاصلہ برقرار رکھا۔ اداکارہ نے اپنے شوہر خوشحال خان کے ہمراہ بھی اس موقع کی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کیں۔