فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران پہنچ گئے، محسن نقوی بھی ہمراہ

پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔ اس دورے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

ایرانی نشریاتی ادارے پریس ٹی وی اور برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹس کے مطابق پاکستانی وفد کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں پاکستان اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر ان کوششوں میں پیش پیش ہیں۔

رپورٹس کے مطابق جنگ بندی کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تہران کا یہ پانچواں سرکاری دورہ ہے۔

اس سے قبل 2 ستمبر کو ایران کے دورے کے دوران انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی، پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیر داخلہ سکندر مومنی سے ملاقاتیں کی تھیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران آمد سے تقریباً ایک گھنٹہ قبل ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پریس کانفرنس میں دورے کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔ ان کے مطابق ملاقاتوں کا بنیادی ہدف پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔