فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر سے روسی وزیر داخلہ کی ملاقات، سیکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولتسیف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور روس کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ روابط مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے معاملات اور خطے کی سیکیورٹی صورتِ حال بھی زیرِ بحث آئی۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ملاقات راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ہوئی۔ دونوں جانب سے سیکیورٹی اداروں کے مابین اشتراک بڑھانے، ادارہ جاتی تعلقات کو مستحکم کرنے اور رابطہ کاری کو مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے روس کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق روسی وزیر داخلہ نے علاقائی امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اس دوران دی جانے والی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا۔