ایران پر حملے کی صورت میں پہلے سے زیادہ سخت جواب دیا جائے گا، باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کا ردعمل ماضی کی نسبت زیادہ تیز، شدید اور نقصان دہ ہوگا۔

ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق قالیباف نے کہا کہ امریکا کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ موجودہ صورتحال پہلے جیسی نہیں رہی۔ ان کے مطابق ایران کی سلامتی اور مفادات کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا جواب بھرپور انداز میں دیا جائے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایرانی مسلح افواج کی کارروائیوں نے امریکی قیادت کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران نے فوجی اور سفارتی محاذ پر امریکا کا مقابلہ کیا ہے اور وہ اقتصادی شعبے میں بھی دباؤ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایرانی اسپیکر کے بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ تہران کسی ممکنہ آئندہ حملے کی صورت میں مزید سخت اور فوری ردعمل دینے کے لیے تیار ہے۔

قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور دونوں ممالک کے تنازع کے باعث خطے میں مزید فوجی محاذ آرائی کے امکانات پر تشویش پائی جاتی ہے۔