بلوچستان میں 20 پولیس اہلکار اغوا، بازیابی کے لیے کوششیں جاری
بلوچستان کے رخشان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے 20 پولیس اہلکاروں کو نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے اغوا کیے جانے کی اطلاع ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد اہلکاروں کی تلاش اور بازیابی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مغوی اہلکار پولیس ٹریننگ سینٹر قلات میں تربیت حاصل کر رہے تھے اور چھٹی پر اپنے آبائی علاقوں کی جانب روانہ ہوئے تھے۔ وہ ایک نجی مسافر وین کے ذریعے قلات سے نوشکی جا رہے تھے اور ان کا سفر سربند کے راستے جاری تھا کہ ضلع قلات کی حدود میں انہیں اغوا کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اغوا کے بعد اہلکاروں کو ضلع مستونگ کی حدود میں منتقل کیا گیا، جہاں سے بعدازاں انہیں کسی نامعلوم مقام پر لے جایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مغوی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات اور اہلکاروں کے موجودہ مقام کے بارے میں تاحال معلومات سامنے نہیں آئیں۔