بنگلادیشی اداکارہ ردھیکا ردھی گھر سے مردہ حالت میں برآمد، بوائے فرینڈ گرفتار
بنگلادیش کی اداکارہ اور ماڈل ردھیکا ردھی دارالحکومت ڈھاکا کے علاقے بشندھرا میں واقع اپنی رہائش گاہ سے مردہ حالت میں پائی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور اداکارہ کی لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ موت کی اصل وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
پولیس کے مطابق اداکارہ کی والدہ کی جانب سے درج مقدمے میں ان کے بوائے فرینڈ حسیب الرحمان کو نامزد کیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حسیب الرحمان کو گرفتار کرلیا اور بعد ازاں اسے عدالت میں پیش کیا گیا۔
حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید شواہد اور حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔