بنوں میں فائرنگ، ڈیوٹی پر جانے والا پولیس اہلکار شہید
بنوں کے علاقے مرزابیگ سورانی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار سیف اللہ کو شہید کردیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ بسیہ خیل کی حدود میں پیش آیا۔ سیف اللہ چوکی ٹاؤن شپ میں فرائض انجام دے رہے تھے اور صبح ڈیوٹی کے لیے گھر سے روانہ ہوئے تھے کہ راستے میں موٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے انہیں نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ ان کی میت ضروری کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال بنوں منتقل کردی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کے محرکات جاننے کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔