بیرسٹر علی ظفر کا پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کو اہم فیصلوں میں مرکزی کردار دینے پر زور

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ ان کی ترجیح پارٹی کو مضبوط بنانا، ارکان کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا کرنا اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت آگے بڑھنا ہے۔ ان کے مطابق اب پارلیمانی پارٹی کو ان اہم معاملات میں فیصلہ کن کردار ادا کرنا چاہیے جن کا تعلق چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی کے لیے انصاف کے حصول، ان کے قانونی حقوق کے تحفظ، آئین کی بالادستی اور ملک میں قانون کی حکمرانی سے ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی میں تجربہ رکھنے والے اور دور اندیش سیاست دان موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ضروری ہے کہ پارلیمانی ارکان اجتماعی طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور باہمی مشاورت سے اہم معاملات پر فیصلے کریں۔

پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ ان کا مقصد اجتماعی قیادت، سیاسی تجربے اور مؤثر فیصلہ سازی کے ذریعے پارٹی کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تجویز کا مقصد کسی موجودہ کمیٹی کی اہمیت کم کرنا، اس کے کام میں رکاوٹ ڈالنا یا اسے غیر فعال بنانا نہیں ہے۔

بیرسٹر علی ظفر کے مطابق تمام کمیٹیاں پہلے کی طرح اپنی ذمہ داریاں نبھاتی رہیں گی۔ انہوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ ان سے منسوب کوئی ایسا بیان جو ان کے مؤقف سے مطابقت نہ رکھتا ہو، خواہ وہ ان کی ٹیم کی جانب سے جاری کیا گیا ہو یا کسی دوسرے ذریعے سے سامنے آیا ہو، ان کی اصل رائے کی عکاسی نہیں کرتا۔