بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی مذاکراتی پیشکش کو مثبت قرار دے دیا
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے سیاسی معاملات کے حل کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا ہے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان بات چیت ہونی چاہیے تاکہ موجودہ سیاسی مسائل کا حل نکالا جاسکے اور ملک کو غیر یقینی صورتحال سے باہر لانے میں مدد ملے۔
پی ٹی آئی چیئرمین کے مطابق حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش سامنے آنا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم خود مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے عملی اقدامات کرتے ہیں تو یہ ایک اچھی پیش رفت ہوگی۔
بیرسٹر گوہر نے عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے حصول میں کافی وقت لگ چکا ہے، اب توقع ہے کہ مزید رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اپنی پسند کے سیاسی نمائندے منتخب کرنے اور ووٹ دینے کا حق حاصل ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی آئین کی بالادستی اور آزاد عدلیہ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اپوزیشن کو ایک مرتبہ پھر مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے اور سیاسی معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مذاکراتی عمل میں دونوں فریقوں کی شرکت ضروری ہے۔