بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے روک دیا
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پارٹی رہنماؤں اور اراکین کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے گریز کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی متحد ہے اور اراکین اسمبلی نے نہ پہلے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے اور نہ آئندہ کریں گے۔
ایکسپریس نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اس معاملے پر ان کی علی امین، شیخ وقاص اکرم، علی اصغر خان اور سلمان اکرم راجہ سے بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام رہنما اور کارکن متحد ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ انہیں اپنے اراکین صوبائی اسمبلی پر فخر ہے اور بانی چیئرمین بھی ان کی کارکردگی اور وابستگی پر فخر کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہیل آفریدی پارٹی کے وزیراعلیٰ تھے، ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے۔