بلاول بھٹو سے پیپلزپارٹی رہنماؤں کی الگ الگ ملاقاتیں، سیاسی صورتحال پر گفتگو

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پارٹی کے مختلف رہنماؤں نے بلاول ہاؤس کراچی میں الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں ملک بالخصوص سندھ کی سیاسی اور پارٹی کی تنظیمی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پیپلزپارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر منظور وسان نے بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے دوران سیاسی معاملات اور پارٹی کی تنظیمی صورتحال پر گفتگو کی۔

پیپلزپارٹی ضلع سجاول کے صدر اور صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے بھی پارٹی چیئرمین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے حلقے میں عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے بلاول بھٹو کو آگاہ کیا۔ محمد علی ملکانی نے اپنے متعلقہ محکموں کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔

دریں اثنا، پیپلز لائر فورم پنجاب کے صدر راحیل کامران چیمہ نے بھی بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور فورم کی تنظیمی و مجموعی کارکردگی سے متعلق آگاہ کیا۔

سندھ اسمبلی کے رکن خرم سومرو اور سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے بھی پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔