بلاول بھٹو کی اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات، پارلیمانی امور پر مشاورت

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن کے اہم رہنماؤں سے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی سرگرمیوں، ملکی سیاسی صورتحال اور قانون سازی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس شریک ہوئے۔ ملاقات کے دوران پارلیمنٹ کے امور اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی سمیت مختلف موضوعات زیر بحث آئے۔

بلاول بھٹو نے اپوزیشن رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ پارلیمانی کمیٹیوں کا حصہ بن کر اپنا فعال کردار ادا کریں۔ اپوزیشن قائدین نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اس حوالے سے پی ٹی آئی چیئرمین سے مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔

ملاقات میں پیپلز پارٹی اور اپوزیشن رہنماؤں کے درمیان پارلیمان میں قانون سازی سے متعلق رابطہ کاری مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں شفافیت اور اعتماد کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمنٹ کو مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے عمران خان کی اسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات جمہوری روایات کے فروغ میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔