بلاول بھٹو اور رانا ثنا اللہ جوڈیشل کمیشن کے رکن مقرر

چیف جسٹس پاکستان و چیئرمین جوڈیشل کمیشن آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی منظوری کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر رانا ثنا اللہ خان کو جوڈیشل کمیشن کا رکن نامزد کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا ثنا اللہ خان کمیشن میں حکومتی نمائندوں کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل جوڈیشل کمیشن کے دو ارکان اپنی رکنیت سے مستعفی ہوگئے تھے۔ مستعفی ہونے والوں میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک اور مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب احمد شامل تھے۔

فاروق ایچ نائیک نے ذاتی مصروفیات کو استعفے کی وجہ قرار دیا تھا۔ دونوں ارکان کے مستعفی ہونے کے بعد کمیشن میں حکومتی نمائندگی برقرار رکھنے کے لیے نئی نامزدگیاں کی گئی ہیں۔