بلاول بھٹو کا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کا خیرمقدم، سیاسی برداشت پر زور
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے سندھ کے دورے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو نے کہا کہ وہ لاڑکانہ آمد پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے دورۂ سندھ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سیاست میں بالآخر برداشت، باہمی احترام اور بقائے باہمی کے اصولوں کو دوبارہ فروغ دینا ہوگا۔ بلاول بھٹو کے مطابق سیاسی اختلافات اپنی جگہ، لیکن ایک دوسرے کا احترام اور تعمیری سیاسی رویہ جمہوریت کی بنیادی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی پانچ روزہ دورے پر چند روز قبل سندھ پہنچے تھے۔ ان کے دورے کے دوران مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کارکنوں سے ملاقاتیں اور اجتماعات کا سلسلہ جاری رہا، جبکہ ان کے پروگرام میں کراچی کا دورہ بھی شامل ہے جہاں تحریک انصاف نے شاہراہ قائدین پر جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے ترجمان کے مطابق سہیل آفریدی کی قیادت میں پارٹی کی اسٹریٹ موبلائزیشن مہم تیسرے روز بھی جاری رہی۔ پارٹی قافلہ نوشہروفیروز، نوابشاہ، سانگھڑ، میرپورخاص اور عمرکوٹ پہنچا، جہاں وزیراعلیٰ نے مختلف مقامات پر کارکنوں اور شہریوں سے خطاب کیا۔
ترجمان کے مطابق مختلف شہروں میں پارٹی کارکنوں اور مقامی افراد نے سہیل آفریدی اور ان کے قافلے کا استقبال بھی کیا۔