بوسنیا کے جنگلات میں آگ، 25 ہزار ایکڑ رقبہ متاثر
بوسنیا کے مختلف جنگلات میں بھڑکنے والی شدید آگ تیسرے روز بھی قابو سے باہر ہے، جس کے باعث تقریباً 25 ہزار ایکڑ رقبہ متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔
حکام کے مطابق آگ کو پھیلنے سے روکنے اور اسے بجھانے کے لیے فائر فائٹنگ طیاروں کی مدد سے آپریشن جاری ہے، تاہم بعض مقامات پر شعلے بدستور پھیل رہے ہیں اور صورتحال مکمل طور پر قابو میں نہیں آسکی۔
رپورٹس کے مطابق جنگلات سے اٹھنے والا دھواں سرحد پار کروشیا کے ساحلی علاقوں تک بھی پہنچ گیا ہے، جس سے وہاں بھی فضا متاثر ہوئی ہے۔
ماہرین کے مطابق یورپ کے مختلف حصوں میں شدید گرمی اور خشک موسمی حالات کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، جس سے فائر فائٹنگ ٹیموں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔