معروف برطانوی ناول نگار جیفری آرچر 86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے
معروف برطانوی مصنف اور سابق سیاست دان جیفری آرچر 86 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔
ان کے پبلشر ہارپرکولنز کے مطابق جیفری آرچر نے اپنے گھر میں زندگی کی آخری سانس لی۔ وہ تقریباً پانچ دہائیوں تک ادب سے وابستہ رہے اور اس دوران ان کی تصانیف کی دنیا بھر میں 30 کروڑ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئیں۔
پبلشر نے جیفری آرچر کو ایک غیر معمولی اور ماہر داستان گو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے قارئین ہمیشہ ان کی زندگی اور ادبی سفر میں مرکزی حیثیت رکھتے تھے۔
جیفری آرچر کی آخری کتاب ’’Adam and Eve‘‘ رواں ہفتے شائع کی جائے گی، جو ان کے طویل اور کامیاب ادبی سفر کا اختتامی باب قرار دی جارہی ہے۔
پانچ دہائیوں پر محیط اپنے تحریری کیریئر کے دوران جیفری آرچر نے متعدد مقبول ناول تحریر کیے۔ ان کی نمایاں تصانیف میں ’Kane and Abel‘ اور ’Clifton Chronicles‘ خاص طور پر شامل ہیں، جنہوں نے انہیں عالمی سطح پر شہرت دلائی۔
ان کے کئی ناولوں میں ان کے آبائی علاقے ویلنگٹن، سمرسیٹ کا بھی ذکر ملتا ہے، جسے انہوں نے اپنی کہانیوں کے پس منظر کے طور پر استعمال کیا۔
جیفری آرچر نے ادب کے ساتھ ساتھ سیاست میں بھی سرگرم کردار ادا کیا، تاہم عالمی سطح پر ان کی شناخت ایک مقبول اور کامیاب ناول نگار کے طور پر زیادہ نمایاں رہی۔