براک اوزچیویت نئے ڈرامے میں منفرد کردار کے ساتھ واپس آرہے ہیں

ترکی کے معروف اداکار براک اوزچیویت ایک نئے ٹی وی پراجیکٹ کے ذریعے ایک بار پھر شائقین کے سامنے آنے کی تیاری کررہے ہیں۔ اداکار کو آنے والی ڈرامہ سیریز ’گونی شن دوغدو یر‘ میں کنان کوزان کا کردار سونپا گیا ہے۔

نئے منصوبے میں براک اوزچیویت کی شرکت کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں میں خاصی دلچسپی پیدا ہوگئی ہے، خصوصاً ان کے نئے روپ اور کردار کو لے کر شائقین میں تجسس پایا جارہا ہے۔

براک اوزچیویت کو عالمی سطح پر خاص شہرت اس وقت ملی جب انہوں نے مقبول ترک تاریخی ڈرامہ ’عثمان غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کیا۔ یہ ڈرامہ پاکستان سمیت کئی ممالک میں بھی خاصا مقبول ہوا، جس کے بعد پاکستانی شائقین میں بھی اداکار کی فین فالوئنگ میں اضافہ دیکھا گیا۔

اب نئے ڈرامے میں ان کا کردار اور انداز سابقہ مقبول کردار سے مختلف ہوگا، جس کی وجہ سے ان کی اسکرین پر واپسی مداحوں کے لیے ایک نئی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔