بشریٰ انصاری نے عمر بتانے پر کیا کہا؟
پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے اپنی عمر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 70 برس کی ہیں اور انہیں اپنی عمر ظاہر کرنے میں کسی قسم کی جھجھک محسوس نہیں ہوتی۔
روزنامہ جنگ کے مطابق ایک حالیہ تقریب میں بشریٰ انصاری سے عمر چھپانے کے رجحان کے بارے میں سوال کیا گیا، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ فخر کے ساتھ اپنی عمر بتاتی ہیں اور زندگی کی 70 بہاریں دیکھ چکی ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے کبھی اپنی عمر کو راز رکھنے کی کوشش نہیں کی۔ بشریٰ انصاری کے مطابق ایک مرتبہ کسی شخص نے ان سے سوال کیا کہ وہ اپنی عمر سب کو کیوں بتاتی ہیں، جس پر انہوں نے مزاحیہ انداز میں جواب دیا کہ ان کی ایسی کون سی فلمیں چل رہی ہیں جن کی وجہ سے انہیں عمر چھپانے کی ضرورت پیش آئے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ وہ خود بھی کہتی ہیں کہ ان کی عمر 70 برس ہوگئی ہے، تاہم اگر عمر کے مقابلے میں کوئی شخص کم عمر دکھائی دے تو یہ ایک اچھی بات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی 70 سال کی عمر میں 50 برس کا دکھائی دے تو اسے خوش ہونا چاہیے۔
سینئر اداکارہ نے اپنی جسمانی ساخت کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ہمیشہ کم وزن کے ساتھ زندگی گزاری ہے۔ ان کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے کی وجہ سے ماضی میں لوگ انہیں اکثر دبلی پتلی اور کمزور کہا کرتے تھے، لیکن اب وہ سمجھتی ہیں کہ یہی جسمانی ساخت ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہورہی ہے۔