بشریٰ انصاری نے خاندانی نام برقرار رکھنے کی وجہ بتادی

سینئر پاکستانی اداکارہ بشریٰ انصاری نے واضح کیا ہے کہ پہلی شادی ختم ہونے کے باوجود وہ اپنے نام کے ساتھ ’’انصاری‘‘ لکھتی ہیں اور اس کی وجہ بھی بیان کردی ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں بشریٰ انصاری نے اپنے فنی سفر کے ابتدائی دنوں سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان نے انہیں ’’بشریٰ بشیر‘‘ کے نام سے متعارف کرایا تو اداکارہ نے بتایا کہ عوامی طور پر وہ بشریٰ انصاری کے نام سے جانی جاتی ہیں، تاہم سرکاری دستاویزات میں ان کا نام بشریٰ بشیر درج ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ کئی افراد انہیں یہ مشورہ دیتے رہے ہیں کہ وہ اپنے نام سے ’’انصاری‘‘ حذف کردیں، لیکن وہ ایسا نہیں کرنا چاہتیں کیونکہ ان کے خیال میں اس سے لوگوں کے لیے مزید الجھن پیدا ہوگی۔

انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ صبا حمید کے حوالے سے بھی ماضی میں نام کے باعث لوگوں کو کافی عرصے تک ابہام کا سامنا رہا اور بعض لوگ انہیں ’’صبا پرویز‘‘ کہتے رہے۔

بشریٰ انصاری کا کہنا تھا کہ ان کی دونوں بیٹیاں بھی ’’انصاری‘‘ نام استعمال کرتی ہیں، جبکہ ان کے سابق شوہر کو بھی اس بات پر کوئی اعتراض نہیں کہ وہ اپنے نام کے ساتھ انصاری لکھتی ہیں۔ ان کے مطابق جب متعلقہ افراد کو اس پر اعتراض نہیں تو دوسروں کو بھی اس معاملے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ بشریٰ انصاری کی پہلی شادی اقبال انصاری سے ہوئی تھی اور اس رشتے سے ان کی دو بیٹیاں ہیں۔ دونوں کی ازدواجی زندگی تقریباً 36 برس جاری رہنے کے بعد ختم ہوگئی تھی۔