کیلیفورنیا میں سروے کے دوران 10 ہزار سال قدیم ماسٹوڈون کا دانت دریافت
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک ماہرِ ارضیات کو معمول کے فیلڈ سروے کے دوران تقریباً 10 ہزار سال پرانا ماسٹوڈون کا دانت مل گیا۔ ماہرین نے ابتدائی طور پر اسے قدیم پیسیفک ماسٹوڈون سے منسوب کیا ہے۔
ماہرِ ارضیات بریجڈ لنچ ایک ایسے منصوبے کے تحت نالے کا جائزہ لے رہی تھیں جس کا مقصد خطرے سے دوچار ریڈ لیگڈ مینڈک کے قدرتی مسکن کو بہتر بنانا تھا۔ اسی دوران وہ نالے کی تہہ میں موجود چٹانوں اور زمین کی ساخت کا مشاہدہ کررہی تھیں۔
سروے کے دوران بریجڈ لنچ کی نظر ایک غیر معمولی شکل کی چیز پر پڑی۔ انہوں نے اس کی تصویر بنالی اور اسے معمول کا حصہ سمجھتے ہوئے اپنا کام جاری رکھا، تاہم اس وقت انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کے سامنے ایک قدیم حیوان کی اہم باقیات موجود ہیں۔
اگلے روز جب انہوں نے بنائی گئی تصویر کو دوبارہ دیکھا تو انہیں اندازہ ہوا کہ زمین میں نظر آنے والی چیز کوئی عام پتھر نہیں بلکہ غیر معمولی حد تک محفوظ قدیم جانور کا دانت ہے۔
بعد ازاں ماہرین نے جائزہ لے کر ابتدائی طور پر اس دانت کو پیسیفک ماسٹوڈون سے منسوب کیا۔ تحقیق کے مطابق یہ جانور اپنی زندگی کے تقریباً 40ویں سال میں تھا۔
ماہرین کے لیے یہ دریافت قدیم دور میں خطے میں پائے جانے والے بڑے جانوروں اور اس وقت کے ماحولیاتی حالات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کا ایک اہم ذریعہ قرار دی جارہی ہے۔