اوپن اے آئی نے ChatGPT Images 2.5 متعارف کرا دیا، تیز جنریشن اور جدید ایڈیٹنگ کی سہولت
ٹیکنالوجی کمپنی اوپن اے آئی نے ChatGPT Images 2.5 کے نام سے اپنا نیا جدید ترین امیج جنریشن ماڈل متعارف کرادیا ہے، جس میں تصاویر کی تیاری کی رفتار، ایڈیٹنگ کی صلاحیت اور بصری معیار کو بہتر بنایا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق نیا ماڈل اپریل 2026 میں پیش کیے گئے Images 2.0 کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے تصاویر تیار کرتا ہے اور متعدد مراحل پر مشتمل ایڈیٹنگ کے دوران کسی کردار، شخص یا آبجیکٹ کی نمایاں خصوصیات کو زیادہ بہتر انداز میں برقرار رکھ سکتا ہے۔
ChatGPT Images 2.5 میں روشنی اور ٹیکسچرز کو زیادہ قدرتی اور حقیقت سے قریب بنانے پر بھی توجہ دی گئی ہے، جبکہ متعدد ایڈیٹس کے دوران تصویر کے بنیادی سبجیکٹ اور دیگر اہم تفصیلات کو برقرار رکھنے کی صلاحیت میں بہتری کی گئی ہے۔
نئی اپ ڈیٹ میں Sketch نامی فیچر بھی شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارف براہ راست ایک سادہ خاکہ یا ڈرائنگ بنا کر اسے اپنی مطلوبہ تصویر کے لیے بصری رہنمائی کے طور پر استعمال کرسکتا ہے۔ اس خاکے کو تحریری ہدایات کے ساتھ ملا کر زیادہ مخصوص نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ تصاویر میں براہ راست کمنٹس یا مخصوص ہدایات شامل کرکے کسی خاص حصے میں تبدیلی کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس سے صارف زیادہ درست اور محدود ایڈیٹنگ کرسکتے ہیں۔
اوپن اے آئی نے Prompt Sharing کی سہولت بھی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت صارف تصویر کے ساتھ اس کی تیاری کے لیے استعمال ہونے والا پرامپٹ بھی شیئر کرسکتے ہیں، تاکہ دوسرے افراد اسی تصور کو اپنی تصاویر یا ضروریات کے مطابق دوبارہ استعمال کرسکیں۔
ChatGPT Images 2.5 کو ChatGPT، ChatGPT Work اور Codex صارفین کے لیے ڈیسک ٹاپ، موبائل اور ویب پلیٹ فارمز پر متعارف کرایا گیا ہے۔