سستا پیٹرول ریلیف اسکیم کے نام پر ممکنہ فراڈ سے متعلق آگاہی
وزیراعظم کی خصوصی سستا پیٹرول ریلیف اسکیم کے نام پر شہریوں کو دھوکا دینے کے ممکنہ خدشات کے بعد وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے جعلسازوں سے بچاؤ کے لیے اینٹی فراڈ آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے وزارت کو ہدایت کی ہے کہ اس مہم کی تیاریوں کو جلد مکمل کیا جائے۔ ان کے مطابق جعلساز ریلیف اسکیم کا نام استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بنانے کی کوشش کرسکتے ہیں، جس کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے شہریوں کو خبردار کیا کہ سستا پیٹرول ریلیف اسکیم کے حوالے سے آنے والی غیر مصدقہ یا مشکوک فون کالز اور پیغامات پر اعتماد نہ کریں اور کسی نامعلوم شخص یا ذریعے کے ساتھ اپنی ذاتی معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں۔
شزہ فاطمہ خواجہ کے مطابق وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کرانے والے افراد کی تفصیلات آج جاری کیے جانے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کے عمل کے دوران شہریوں کو پیش آنے والی تکنیکی مشکلات کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔
حکام کے مطابق بعض درخواستیں غلط صوبہ منتخب کرنے یا تاریخ پیدائش کا فارمیٹ درست نہ ہونے کے باعث کامیابی سے مکمل نہیں ہوپاتیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ رجسٹریشن کے وقت وہی صوبہ منتخب کریں جہاں ان کی گاڑی رجسٹرڈ ہے، تاکہ درخواست مسترد ہونے یا رجسٹریشن میں ناکامی سے بچا جاسکے۔