کھیل کے دوران 5 سالہ بچی نے سونے کا بار نگل لیا، اسپتال منتقل
چین کے شمالی علاقے میں ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جہاں 5 سالہ بچی نے کھیلتے ہوئے تقریباً 50 گرام وزنی سونے کا بار نگل لیا، جس کے بعد اسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔
بیجنگ چلڈرنز ہسپتال کے مطابق بچی نے تقریباً 4 سینٹی میٹر لمبا سونے کا ٹکڑا نگل لیا تھا۔ واقعے کے لگ بھگ 6 گھنٹے بعد اسے اسپتال پہنچایا گیا، جہاں ایکسرے کے ذریعے معدے میں سونے کے بار کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ سونے کا بار وزن میں بھاری اور سخت ہونے کے ساتھ اس کی سطح ہموار تھی۔ طبی ماہرین کے مطابق ایسی صورتحال میں یہ چیز نظام ہاضمہ میں پھنس سکتی ہے اور معدے کی اندرونی جھلی کو نقصان پہنچانے کا سبب بن سکتی ہے۔
ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ اگر بروقت علاج نہ کیا جاتا تو معدے میں سوراخ ہونے یا شدید اندرونی خون بہنے جیسی خطرناک پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی تھیں۔