چینی نوجوان کا حیرت انگیز کارنامہ، برقی موٹرز سے تیار ہووربورڈ پر دریائے یانگسی عبور کرلیا

چین کے ایک نوجوان وی لاگر نے اپنی فنی صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے منفرد تجربہ کرکے سب کو حیران کردیا۔ سونگ شنگ یو نے دس برقی موٹرز کی مدد سے ایک ہووربورڈ تیار کیا اور اس پر سوار ہوکر دریائے یانگسی عبور کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

نوجوان نے اس منصوبے کے آغاز میں جیٹ انجن کی مدد سے ہووربورڈ بنانے کی کوشش کی تھی، تاہم آگ لگنے کے باعث اس کا ابتدائی تجربہ ناکام ہوگیا۔ اس ناکامی کے باوجود اس نے کوشش جاری رکھی اور برقی موٹرز استعمال کرتے ہوئے ایک نیا ماڈل تیار کرلیا۔

سونگ شنگ یو نے ہووربورڈ پر اپنا توازن برقرار رکھنے کی مشق کے لیے دو موبائل فونز پر چلنے والے مصنوعی ذہانت کے نظام سے مدد لی۔ مسلسل مشق کے بعد اس نے تقریباً 300 میٹر کا فضائی سفر صرف دو منٹ میں مکمل کرلیا۔

نوجوان کی یہ کامیابی جدید ٹیکنالوجی کے تخلیقی استعمال اور مسلسل کوششوں کی ایک دلچسپ مثال بن گئی۔