چنیوٹ میں شہتوت کھانے پر اونٹنیوں پر مبینہ تشدد، متاثرین کا کارروائی کا مطالبہ
چنیوٹ میں شہتوت کھانے کے معاملے پر زمیندار کی جانب سے اونٹنیوں پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر متاثرین نے پولیس سے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرین کے مطابق مبینہ طور پر ملزمان نے اونٹنیوں کو روکنے کے دوران ان کی گردن اور پیٹ پر کلہاڑیوں سے وار کیے، جس سے جانور شدید زخمی ہوئے اور ان کی پسلیاں بھی ٹوٹ گئیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری نہ ہونے پر وہ زخمی اونٹنیوں کو اپنے ہمراہ آر پی او آفس لے کر پہنچے اور حکام کو واقعے سے آگاہ کیا۔
ان کا الزام ہے کہ پولیس نے ابھی تک مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی۔ متاثرین نے یہ بھی کہا کہ مقدمے میں دونوں اونٹنیوں کی مجموعی مالیت صرف ڈیڑھ لاکھ روپے درج کی گئی ہے، جسے وہ اصل قیمت کے مقابلے میں انتہائی کم قرار دیتے ہیں۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی میں ڈیڑھ لاکھ روپے میں دو بکرے خریدنا بھی مشکل ہے، اس لیے اونٹنیوں کی حقیقی مالیت کا ازسرنو تعین کیا جانا چاہیے۔
متاثرین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور زخمی اونٹنیوں کی اصل مالی قدر کا تعین کرتے ہوئے انہیں مناسب انصاف فراہم کیا جائے۔