کرسٹیانو رونالڈو پر 30 روزہ پابندی، 255 یورو جرمانہ بھی عائد
پرتگال فٹبال فیڈریشن نے قومی ٹیم کے کیمپ کو چھوڑنے اور کوچ جارجے جیسس کے ساتھ اختلافات کے معاملے پر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ان پر 30 روزہ پابندی عائد کر دی ہے۔ فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل نے رونالڈو پر 255 یورو جرمانہ بھی کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ تنازع تقریباً تین ہفتے قبل اس وقت سامنے آیا تھا جب رونالڈو ڈنمارک کے خلاف نیشنز لیگ میچ سے پہلے کوپن ہیگن میں قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اس سے قبل ناروے کے خلاف میچ میں انہیں ابتدائی کھلاڑیوں میں شامل کرنے کے بجائے متبادل کھلاڑیوں کی فہرست میں رکھا گیا تھا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رونالڈو نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ کوچ جارجے جیسس نے ان کے کھیلنے سے متعلق دو مرتبہ کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے۔ دوسری جانب کوچ نے کسی باقاعدہ معاہدے کی تردید کی تھی، تاہم پرتگال کی 2-1 سے کامیابی کے بعد انہوں نے رونالڈو کی ٹیم میں واپسی کے امکان کو رد نہیں کیا تھا۔
پرتگال فٹبال فیڈریشن کی ڈسپلنری کونسل کے مطابق رونالڈو نے جان بوجھ کر ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کی۔ اس معاملے میں کارروائی 9 اکتوبر کو شروع کی گئی تھی، جبکہ واقعے سے متعلق رپورٹ دو روز قبل سامنے آئی تھی۔
فیڈریشن کے بیان میں یہ تفصیل نہیں دی گئی کہ 30 روزہ پابندی کن میچوں یا سرگرمیوں پر لاگو ہوگی۔ یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا پابندی کے اعلان سے پہلے گزارا گیا وقت سزا کی مدت میں شمار کیا جائے گا یا نہیں۔
رونالڈو قومی ٹیم کا کیمپ چھوڑنے اور ناروے کے خلاف میچ کے بعد شائقین کا شکریہ ادا کیے بغیر روانہ ہونے پر معذرت کر چکے ہیں۔ انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں سے بھی اپنے رویے پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ پابندی مکمل ہونے کے بعد فٹ ہونے کی صورت میں وہ پرتگال کی نمائندگی کے لیے دستیاب ہوں گے۔
پرتگال فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا نے کہا ہے کہ تنازع حل ہونے کے بعد فیڈریشن میں سب رونالڈو کو دوبارہ قومی ٹیم میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
اس سے قبل رونالڈو نے کیمپ چھوڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوچ نے انہیں بیرون ملک میچز نہ کھیلنے کا مشورہ دیا، جسے انہوں نے قبول نہیں کیا۔ ان کے مطابق ناروے کے خلاف میچ میں انہیں 30 منٹ کھیلنے کا کہا گیا تھا، لیکن بعد میں میدان میں اترنے کا موقع نہیں دیا گیا۔ رونالڈو کا دعویٰ تھا کہ کوچ نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور 48 گھنٹے بعد میڈیا کے سامنے معاملے کی حقیقت بیان کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ ان کے بقول پریس کانفرنس میں طے شدہ باتوں سے مختلف مؤقف پیش کیا گیا۔
کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی جانب سے سب سے زیادہ بین الاقوامی گول کرنے اور سب سے زیادہ میچز کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔ انہوں نے 2003 میں قومی ٹیم کے لیے ڈیبیو کیا تھا۔ وہ حال ہی میں یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ممکن ہے موجودہ سال ان کے فٹبال کیریئر کا آخری سال ثابت ہو۔