یومِ دفاع و شہداء، مسلح افواج کا شہداء کو خراجِ عقیدت

61ویں یومِ دفاع و شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے مسلح افواج پاکستان کے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایڈمرل نوید اشرف، ایئر چیف مارشل ظہیر بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا نے شہداء کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق مسلح افواج شہداء کے اہلخانہ اور غازیوں کے ساتھ گہرے احترام اور تشکر کا اظہار کرتی ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ شہداء نے فرض، شجاعت اور قربانی کی ایسی مثالیں قائم کیں جو قومی تاریخ کا مستقل حصہ ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، حوصلے اور عزم کی علامت ہے۔ یہ دن 1965 کے ان واقعات کی یاد دلاتا ہے جب قوم نے دفاعِ وطن کے لیے متحد ہوکر مسلح افواج کا ساتھ دیا۔ ترجمان کے مطابق زمینی محاذ سے لے کر فضائی اور بحری حدود تک پاکستان کی مختلف نسلوں کے محافظوں نے ملکی دفاع میں خدمات انجام دیں اور اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر یقین رکھتا ہے، تاہم امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو کسی صورت کمزوری تصور نہیں کیا جانا چاہیے۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت یا حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ترجمان کے مطابق مسلح افواج ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یومِ دفاع کے موقع پر مسلح افواج نے ایک مرتبہ پھر پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ شہداء کی قربانیاں، غازیوں کی جرأت اور شہداء کے اہلخانہ کا حوصلہ ہمیشہ قومی قوت، وقار اور فخر کا ذریعہ رہے گا۔