قومی اسمبلی سے ڈیفنس فورسز اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ترمیمی بل منظور
قومی اسمبلی نے ڈیفنس فورسز آف پاکستان ترمیمی بل 2026 اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی سے متعلق ترمیمی قانون کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس کے دوران بل کی منظوری کثرتِ رائے سے عمل میں آئی۔
نیشنل کمانڈ اتھارٹی ترمیمی بل 2026 وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایوان میں پیش کیا۔ مجوزہ قانون کے تحت چیف آف ڈیفنس فورسز کو نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا حصہ بنایا جائے گا۔
ترمیم کے مطابق اتھارٹی کی نئی تشکیل میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی شمولیت ختم کردی جائے گی، جس کے بعد ادارے کی ساخت نئے انتظامی و دفاعی ڈھانچے کے مطابق ترتیب دی جائے گی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اس وقت اپوزیشن نے واک آؤٹ کیا جب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو ایوان سے خطاب کا موقع نہیں دیا گیا۔ اپوزیشن کے احتجاج کے بعد اجلاس کو اگلے روز صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
اس سے قبل وفاقی کابینہ بھی ڈیفنس فورسز آف پاکستان ترمیمی بل 2026 کی منظوری دے چکی تھی۔
حکومتی مؤقف کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے بعد نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں بعض تبدیلیاں ضروری ہوگئی تھیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ نئی ترامیم کے ذریعے متعلقہ قانونی اور انتظامی معاملات کو آئینی ڈھانچے کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔