ڈاکٹرز کے لیے فائر سیفٹی ٹریننگ لازمی بنانے کی تیاری
سانحہ پمز کے بعد ڈاکٹروں کے لیے فائر سیفٹی کی تربیت لازمی قرار دینے کی تجویز پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس حوالے سے اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایم ڈی سی کے سربراہ نے ڈاکٹرز کی فائر سیفٹی ٹریننگ سے متعلق کونسل اراکین سے تجاویز طلب کرلی ہیں۔ اس منصوبے کی حتمی منظوری کونسل کی ایگزیکٹو باڈی دے گی۔
مجوزہ پالیسی کے تحت میڈیکل آفیسر سے پروفیسر تک تمام ڈاکٹرز کے لیے فائر سیفٹی کی تربیت لازمی کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ منصوبے کی منظوری کے بعد وفاقی حکومت، صوبائی حکام اور متعلقہ وزارتوں کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مستقبل میں میڈیکل طلبہ کے لیے بھی تعلیم مکمل کرنے سے قبل فائر سیفٹی ٹریننگ یا کورس کرنا ضروری قرار دیا جاسکتا ہے۔ اسی طرح میڈیکل گریجویٹس کو ہاؤس جاب کی طرح فائر سیفٹی سے متعلق سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
مجوزہ نظام میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کو بھی اپنے طلبہ کے لیے فائر سیفٹی کی باقاعدہ تربیت کا انتظام کرنا ہوگا۔
پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق ڈاکٹرز کی اولین ذمہ داری انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فائر سیفٹی کی تربیت سے ہنگامی صورتحال میں ڈاکٹرز خود بھی مؤثر انداز میں اقدامات کرسکیں گے اور معاون عملے پر انحصار کم ہوگا۔