اسپانٹک پر جاں بحق ڈاکٹر اسما مشتاق کی میت منتقلی کا آپریشن خراب موسم کے باعث ملتوی
قراقرم کے اسپانٹک پہاڑ پر جاں بحق ہونے والی ڈاکٹر اسما مشتاق کی میت کو کیمپ تھری سے بیس کیمپ منتقل کرنے کی کوشش شدید خراب موسم کے باعث عارضی طور پر روک دی گئی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ڈاکٹر اسما کی میت واپس لانے کے لیے ریسکیو کوششیں جاری ہیں۔ ان کے مطابق ہائی آلٹیٹیوڈ پورٹرز کیمپ تھری کی جانب پیش قدمی کررہے تھے، تاہم موسم کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر ریسکیو ٹیم کو کیمپ ٹو واپس آنا پڑا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ خراب موسم کے باعث میت کو بیس کیمپ تک پہنچانے کا اصل منصوبہ متاثر ہوا ہے، تاہم متبادل انتظامات بھی تیار رکھے گئے ہیں اور تمام ممکنہ ذرائع بروئے کار لائے جارہے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق گلگت بلتستان حکومت اور ایف سی این اے کے درمیان مسلسل رابطہ قائم ہے تاکہ میت کی بحفاظت واپسی ممکن بنائی جاسکے۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے ذریعے میت منتقل کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو ریسکیو آپریشن اور اس سے متعلق تمام پیش رفت سے مسلسل آگاہ کیا جارہا ہے۔