مصر میں چلتے ٹرک سے ڈکیتی، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

مصر میں ہالی ووڈ فلموں جیسے انداز میں چلتے ٹرک کو لوٹنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے گردش کررہی ہے، جس نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔

وائرل فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک گروہ نے اپنی گاڑی کو تیز رفتاری سے چلنے والے ٹرک کے بالکل قریب لے جاکر اس کے پچھلے حصے کے ساتھ ملا دیا۔ اس دوران ایک مبینہ ڈاکو گاڑی کے بونٹ پر چڑھا اور چلتے ٹرک کا دروازہ کھولنے میں کامیاب ہوگیا۔

ویڈیو کے مطابق ملزم نے ٹرک میں موجود مرغی کے گوشت سے بھرے سامان کو نکال کر اپنی گاڑی میں منتقل کرنا شروع کردیا۔ اس دوران ایک عینی شاہد نے پورے واقعے کو کیمرے میں محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے میں 3 مشتبہ افراد کو ہلاک کردیا، جبکہ گروہ کے دیگر ارکان کو گرفتار کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔