قاہرہ میں نومولود بچے کا شاہانہ انداز وائرل، سوشل میڈیا صارفین حیران
مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پیدا ہونے والے ایک نومولود بچے کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، جس میں اس کا پُرسکون اور منفرد انداز دیکھ کر صارفین حیرت کے ساتھ مسکرانے پر مجبور ہوگئے۔
پیدائش کے فوراً بعد بنائی گئی تصویر میں بچہ دونوں ہاتھ سر کے پیچھے رکھے اور ٹانگیں ایک دوسرے پر چڑھائے آرام سے لیٹا دکھائی دیتا ہے۔ اس کا انداز ایسا ہے جیسے وہ کسی شاہی شخصیت کی طرح اطمینان سے آرام کر رہا ہو۔
مصری ماہرِ اطفال ڈاکٹر اسلام الدیہ نے نومولود کے اس منفرد انداز کو ’’رائل پوز‘‘ (Royal Pose) کا نام دیا، جس کے بعد تصویر کو سوشل میڈیا پر مزید توجہ ملنے لگی۔
بچے کی بے فکری اور غیر معمولی انداز نے دیکھنے والوں کو محظوظ کیا، جبکہ یہ دلچسپ تصویر انٹرنیٹ پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔