بجلی کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی سی پی اے) نے بجلی کے نرخوں میں ایک ماہ کے لیے 2 روپے 52 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرادی ہے۔

سی سی پی اے کی جانب سے یہ درخواست جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت دائر کی گئی ہے۔ نیپرا نے درخواست پر غور کے لیے 27 اگست کو سماعت مقرر کردی ہے۔

درخواست میں سی سی پی اے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ جولائی کے دوران مختلف ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت میں نمایاں فرق رہا۔ دستاویزات کے مطابق ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 50 روپے فی یونٹ رہی۔

اسی طرح درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار پر 54 روپے 47 پیسے فی یونٹ خرچ آیا، جبکہ درآمدی ایل این جی کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کی لاگت 47 روپے 37 پیسے فی یونٹ ریکارڈ کی گئی۔

نیپرا کی سماعت کے بعد درخواست پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں بجلی کے صارفین کے لیے آئندہ ماہ کے نرخ متاثر ہوسکتے ہیں۔