اسٹارلنک بھارت میں: ایلون مسک کا مکیش امبانی پر طنزیہ وار
اسٹارلنک کی بھارت میں انٹرنیٹ سروس شروع کرنے کے معاملے پر ایلون مسک اور بھارتی ارب پتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کے درمیان لفظی تکرار سامنے آگئی، جہاں مسک نے سوشل میڈیا پر امبانی کو طنزیہ انداز میں مخاطب کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں ایلون مسک نے مکیش امبانی سے کہا کہ انہیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ بھارت میں اصل اختیار انہی کے پاس ہے۔
مسک نے سوال اٹھایا کہ کیا مکیش امبانی بھارتی عوام پر مبینہ اجارہ دارانہ کنٹرول برقرار رکھنے کے باوجود اسٹارلنک کو بھارتی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کا موقع دینے پر آمادہ ہوں گے؟
ایلون مسک کے مطابق بھارت کے متعدد علاقوں سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں اب بھی انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رابطے کی سہولت نہ ہونے کے باعث بچوں کی تعلیم متاثر ہوتی ہے، جبکہ چھوٹے کاروباروں کو عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنے میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔
مسک نے مؤقف اختیار کیا کہ اسٹارلنک کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس ان علاقوں میں رہنے والے افراد کے لیے نئے مواقع پیدا کرسکتی ہے جہاں روایتی انٹرنیٹ کی سہولت محدود یا دستیاب نہیں، اور اس طرح لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔