جعلی شپنگ لیبلز فروخت کرنے والا پاکستانی ملزم مطلوب، امریکی حکام کی عوام سے مدد کی اپیل
امریکی حکام نے جعلی ڈاک ٹکٹ اور شپنگ لیبلز فروخت کرنے کے مقدمے میں مطلوب فہیم اکرم کی گرفتاری کے لیے شہریوں سے معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔
فلوریڈا اٹارنی آفس کے مطابق فہیم اکرم پر الزام ہے کہ اس نے 50 لاکھ سے زائد جعلی شپنگ لیبلز فروخت کیے، جس کے باعث امریکی پوسٹل سروس کو 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالر سے زیادہ کا مالی نقصان ہوا۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی شخص کے پاس ملزم کے موجودہ مقام یا اس سے متعلق کوئی قابلِ اعتماد معلومات ہیں تو وہ امریکی حکام کو آگاہ کرے۔ ساتھ ہی واضح کیا گیا ہے کہ شہری خود ملزم کو پکڑنے یا اس کا سامنا کرنے کی کوشش نہ کریں۔
امریکی پوسٹل انسپیکشن سروس نے فہیم اکرم کی گرفتاری اور مقدمے میں سزا دلوانے میں مددگار ثابت ہونے والی معلومات فراہم کرنے والے شخص کے لیے ایک لاکھ ڈالر تک انعام مقرر کیا ہے۔
حکام کے مطابق 28 ستمبر کو فلوریڈا کی ایک جیوری نے فہیم اکرم پر امریکی پوسٹل سروس کو 126 ملین ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچانے کے الزام میں فردِ جرم عائد کی تھی۔
ملزم کے خلاف امریکہ کو دھوکہ دینے کی سازش، جعلی ڈاک لیبلز تیار کرکے فروخت کرنے کے 5 الزامات اور الیکٹرانک ذرائع سے فراڈ، یعنی وائر فراڈ کے 4 مقدمات شامل ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق جرم ثابت ہونے کی صورت میں سازش اور جعلی ڈاک لیبلز سے متعلق الزامات میں فہیم اکرم کو زیادہ سے زیادہ 5 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے، جبکہ ہر وائر فراڈ کے الزام پر 20 سال تک قید کی سزا تجویز کی گئی ہے۔