فضا علی کا نمرہ خان کی طلاق پر ردِعمل، سابق شوہر کو احترام کا درس
اداکارہ فضا علی نے نمرہ خان اور ان کے سابق شوہر کے درمیان طلاق کے معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے سابق شوہر کے رویے پر تنقید کی اور خواتین کے احترام کی اہمیت اجاگر کی ہے۔
روزنامہ جنگ کے مطابق نمرہ خان نے حال ہی میں دوسری شادی کی تھی اور اپنے نئے خاندان کے ہمراہ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں، تاہم کچھ عرصے بعد دونوں کے درمیان اختلافات کی اطلاعات سامنے آئیں اور سوشل میڈیا پر ایک دوسرے سے متعلق پوسٹس بھی گردش کرنے لگیں۔
نمرہ خان کے سابق شوہر نے ایک پوسٹ میں ’گڈ ریڈنس‘ کا جملہ استعمال کیا، جسے سوشل میڈیا صارفین نے مبینہ طور پر علیحدگی کی جانب اشارہ قرار دیا۔ بعد میں انہوں نے نمرہ خان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے طلاق کی تصدیق بھی کردی۔
اب فضا علی نے اس پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے سابق شوہر کے طرزِعمل پر سوال اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مرد کو، خصوصاً رشتہ ختم ہونے کے بعد، عورت کے ساتھ احترام سے پیش آنا چاہیے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر طلاق کے بعد سکون حاصل ہوگیا تو اس سے پہلے رشتے میں ایسے کیا حالات تھے جو اس انجام کا باعث بنے؟
اداکارہ نے کہا کہ سابق شریکِ حیات بھی احترام کی مستحق ہوتی ہے، کیونکہ ازدواجی تعلق ختم ہونے کے باوجود زندگی آگے بڑھتی رہتی ہے اور وہ شخص مستقبل میں اپنی نئی زندگی شروع کرسکتا ہے۔
فضا علی نے مزید کہا کہ طلاق کو کامیابی یا فتح کے طور پر پیش نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ رشتہ ختم ہونا کسی ایک فریق کے لیے ٹرافی جیتنے کے مترادف نہیں۔ ان کے مطابق تعلق ختم ہوسکتا ہے، لیکن اس بنیاد پر عورت کی عزت یا وقار متاثر نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے نمرہ خان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ رشتہ ختم ہونے سے کسی عورت کی قدر کم نہیں ہوتی، اور کسی جذباتی جملے یا سوشل میڈیا پوسٹ سے اس کی اہمیت بھی ختم نہیں ہوجاتی۔