فواد چودھری کا حماد اظہر کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اظہارِ افسوس

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے حماد اظہر کے خلاف پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے چلائی جانے والی منفی مہم پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ حماد اظہر کے خلاف پارٹی سے وابستہ سوشل میڈیا حلقوں کی مہم پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض بیرونِ ملک موجود افراد اور غیر شناخت شدہ اکاؤنٹس نے ملک میں لوگوں کو درپیش مشکلات اور مبینہ زیادتیوں کو معمول کی صورتحال کے طور پر پیش کیا، جس سے متاثرہ افراد کے مسائل اجاگر نہ ہوسکے۔

فواد چودھری کے مطابق بڑی تعداد میں لوگ مبینہ طور پر ظلم، معاشی پریشانیوں اور ذہنی دباؤ سے گزرے، لیکن عالمی سطح پر ان مسائل کے خلاف مؤثر آواز سنائی نہیں دی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال کی ایک وجہ پی ٹی آئی سے وابستہ بعض حلقوں کا ایسا طرزِ عمل بھی تھا جس سے حکومتی اقدامات کو بالواسطہ فائدہ پہنچا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے آفیشل سوشل میڈیا نظام کی کمزور کارکردگی نے تحریک انصاف کو سیاسی طور پر نقصان پہنچایا اور اس معاملے نے جماعت کے لیے مشکلات میں اضافہ کیا۔