پاکستان میں صحافت سیاست تک پہنچنے کا ذریعہ بن چکی ہے.فواد چودھری

سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان میں صحافت بعض افراد کے لیے سیاست میں داخل ہونے کا ایک آسان راستہ بن گئی ہے، جہاں ذاتی روابط کے ذریعے سینیٹر یا وزیر بن جانا معمول بنتا جارہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہا کہ بعض صحافی حکومت کا حصہ بننے کے بعد دوبارہ صحافت کی طرف لوٹ آتے ہیں، جبکہ سیاست دانوں کو بعض اوقات صحافتی دباؤ اور مبینہ بلیک میلنگ کا سامنا بھی رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافتی تنظیموں کو اپنے شعبے کے لیے واضح اور مؤثر ضابطہ اخلاق تشکیل دینا چاہیے تاکہ صحافت کی ساکھ اور وقار برقرار رہ سکے۔

فواد چودھری نے بعض معروف صحافیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو صحافی اپنی کوئی واضح سیاسی وابستگی نہیں رکھتے اور اسٹیبلشمنٹ و سیاست دانوں پر تنقید کرتے ہیں، انہیں صحافتی حلقوں میں موجود مبینہ بلیک میلنگ کے معاملات پر بھی بات کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق اس پہلو کو نظر انداز کرنا بھی ایک تشویش کا باعث ہے۔

اپنے بیان کے دوسرے حصے میں فواد چودھری نے عمران خان کی حالیہ میڈیکل رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ان کی تنہائی ختم کرکے بہتر طبی سہولت فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو قید تنہائی سے نکال کر اسپتال منتقل کیا جائے۔ فواد چودھری کے مطابق کروڑوں افراد کے مقبول سیاسی رہنما کو مناسب علاج کی سہولت سے محروم رکھنا اور طویل تنہائی میں رکھنا قابلِ مذمت ہے۔