وقت بتائے گا کس بیانیے کو کامیابی ملی.فیاض الحسن چوہان
سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے بانی پی ٹی آئی اور تحریک انصاف کی حالیہ سیاسی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والا وقت فیصلہ کرے گا کہ ان کے مؤقف کو کامیابی حاصل ہوئی یا سپریم کورٹ کے ایک فیصلے سے ان کے بیانیے کا ایک اہم حصہ ختم ہوگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے دعویٰ کیا کہ حکومت گزشتہ ایک برس سے اسی نوعیت کی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کرتی رہی، تاہم تحریک انصاف کی قیادت نے اس راستے کو اختیار نہیں کیا اور بالآخر عدالت سے رجوع کرنا پڑا۔
انہوں نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں نواز شریف اور آصف علی زرداری کے علاج اور اسپتال میں قیام سے متعلق کیے جانے والے سیاسی اعتراضات اب ان کے لیے دہرانا مشکل ہوگا۔ ان کے مطابق موجودہ عدالتی فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں اور حامیوں کو اپنے سابقہ بیانات پر دوبارہ غور کرنا پڑے گا۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ سے متعلق تحریک انصاف کی سیاسی مہم بھی اس فیصلے کے بعد کمزور پڑ سکتی ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر جاری سیاسی بیانیے اور مبینہ مہمات کی شدت بھی اب کم ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا اور سیاسی سطح پر طویل عرصے سے جاری قیاس آرائیوں میں بھی کمی آئے گی، جبکہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں کا سلسلہ بھی متاثر ہوسکتا ہے۔
سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق بار بار سامنے آنے والے سنگین دعوؤں نے ملک کے سیاسی اور سماجی ماحول کو متاثر کیا، تاہم اب عدالتی فیصلے کے بعد اس معاملے میں ایک نیا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔