فرانسیسی وفد کی جی ایچ کیو آمد، فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات

نکولس روش کی سربراہی میں فرانسیسی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں فرانس کے سیکرٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ پاکستان میں تعینات فرانسیسی سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران پاکستان اور فرانس کے درمیان علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے معاملات کے ساتھ دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں موجود تعاون کو مزید وسعت دینے کے امکانات بھی زیرِ غور آئے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

فرانسیسی سیکرٹری جنرل نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، جبکہ فرانس کی جانب سے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے میں دلچسپی ظاہر کی گئی۔