غزہ میں ملبے سے سو سے زائد فلسطینیوں کی باقیات برآمد، اجتماعی نمازِ جنازہ ادا

غزہ میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے سو سے زائد فلسطینیوں کی باقیات ملنے کے بعد ان کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ افراد 19 نومبر 2023 کو ایک پناہ گزین کیمپ پر ہونے والی بمباری کے دوران جاں بحق ہوئے تھے۔ ریسکیو ٹیموں نے ملبے سے باقیات نکالنے کے بعد ضروری شناختی کارروائی مکمل کی اور انہیں ان کے اہلخانہ کے حوالے کردیا۔

اجتماعی نمازِ جنازہ کے بعد شہداء کو فلسطینی پرچم میں لپیٹ کر سپردِ خاک کیا گیا۔ اس موقع پر موجود شہریوں نے جاں بحق افراد کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیلی حملوں سے متاثرہ علاقوں میں تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے سے لاشوں اور انسانی باقیات کی تلاش کا عمل اب بھی جاری ہے، جبکہ مزید افراد کے ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔