ملکی اور عالمی صرافہ بازاروں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جبکہ پاکستان میں بھی آج فی تولہ سونا مزید مہنگا ہو گیا۔

آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ تین روز کے دوران ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت مجموعی طور پر 26 ہزار 400 روپے بڑھ چکی ہے۔ آج 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید 5 ہزار 100 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 54 ہزار 336 روپے تک پہنچ گئی۔

اسی طرح 10 گرام 24 قیراط سونے کی قیمت میں 4 ہزار 372 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اس کی قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 89 ہزار 519 روپے ہو گئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 21 ہزار 300 روپے کا نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔

دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فی تولہ چاندی 280 روپے مہنگی ہونے کے بعد 6 ہزار 939 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی برقرار رہی، جہاں فی اونس سونے کی قیمت 51 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 319 ڈالر تک جا پہنچی۔