پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر کے دوران بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے تک اضافہ ہوچکا ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کا فیصلہ ٹرانسپورٹرز کے لیے قابل قبول نہیں۔ ان کے مطابق 8 سے 17 اگست تک ہونے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
صدر گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کا کہنا تھا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں کے بعد ٹرانسپورٹرز نے اپنی ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کردی تھی۔ ان کے مطابق حکومتوں نے مسائل کے حل اور مطالبات پر پیش رفت کے لیے 40 دن کا وقت مانگا تھا، جس کی مدت آئندہ ہفتے مکمل ہونے جارہی ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے خبردار کیا کہ اگر حکومت کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کے ساتھ کیے گئے معاہدوں اور یقین دہانیوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک بھر میں دوبارہ ملک گیر ہڑتال کی جاسکتی ہے۔