وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے دفتر کا افتتاح کردیا

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے نئے دفتر کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر گوگل کے وفد نے وزیراعظم سے ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور مستقبل کے تعاون کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور گوگل کے درمیان تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہورہا ہے اور کمپنی کے لیے ملک میں ترقی اور شراکت داری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستان کو گوگل کے لیے ایک اہم مارکیٹ قرار دیتے ہوئے ڈیجیٹل شعبے میں مزید مواقع پیدا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

گوگل کے نائب صدر نے کہا کہ کمپنی پاکستان کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق ملک میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال اور اس شعبے کی ترقی کے لیے مزید اقدامات اور مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر گوگل کے نائب صدر نے پاکستانی طلبہ کے لیے ایک اہم اعلان بھی کیا۔ ان کے مطابق جلد ہی پاکستان کے طلبہ کو ایک سال تک گوگل جیمینائی کی مفت سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

گوگل حکام کے مطابق اس اقدام سے طلبہ کو مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز تک رسائی حاصل ہوگی، جس سے تعلیم اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ میں مدد مل سکتی ہے۔