سرکاری حج اسکیم: دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر، عدم ادائیگی پر درخواست منسوخ ہوگی
وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری حج اسکیم میں شامل عازمین کو خبردار کیا ہے کہ اگر مقررہ وقت تک واجبات کی دوسری قسط ادا نہ کی گئی تو ان کی حج درخواست منسوخ کردی جائے گی۔ وزارت کے مطابق دوسری قسط جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر ہے۔
ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق عازمین سے دوسری قسط کی وصولی ڈیجیٹل حج پورٹل کے ذریعے جاری ہے اور اب تک 51 ہزار 500 افراد اپنی ادائیگیاں مکمل کر چکے ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دوسری قسط کی مد میں مجموعی طور پر 32 ارب 60 کروڑ روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔ ادائیگی کرنے والوں میں سے 26 ہزار عازمین نے ون لنک، 2 ہزار 126 نے بینک کارڈ، جبکہ 23 ہزار 200 افراد نے بینک چالان کے ذریعے رقم جمع کرائی۔
ترجمان نے بتایا کہ حج پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن ادائیگی کرنے والے عازمین کا تناسب 55 فیصد ہے۔ اس ڈیجیٹل سہولت کا مقصد ادائیگیوں اور ضروری دستاویزات جمع کرانے کے عمل کو آسان بنانا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ دوسری قسط ادا کرنے سے پہلے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ حج پورٹل پر اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔ عازمین کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ سے قبل تمام تقاضے پورے کرلیں تاکہ درخواست کی منسوخی سے بچ سکیں۔
حکام کے مطابق جو عازمین 20 اکتوبر تک دوسری قسط جمع نہیں کرائیں گے، ان کی حج درخواست منسوخ کردی جائے گی، تاہم ان کی پہلے سے جمع شدہ رقم واپس کردی جائے گی۔ وزارت نے عازمین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ادائیگی اور دستاویزات کی تکمیل میں تاخیر نہ کریں۔