گوجرانوالہ ٹیچنگ اسپتال کی سرکاری ادویات نجی گودام سے برآمد، متعدد ملازمین معطل
پنجاب کے محکمہ صحت میں مبینہ بے ضابطگی کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں گوجرانوالہ ٹیچنگ اسپتال سے متعلق سرکاری ادویات کی ایک بڑی مقدار ایک نجی گودام سے برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ ادویات مبینہ طور پر سرکاری اسپتال سے باہر منتقل کرکے اوپن مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی تھیں۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد اسپتال کی اسسٹنٹ پروفیسر، میڈیکل آفیسر اور فارمسسٹ کو معطل کردیا گیا۔
اس کے علاوہ اسٹور کیپر اور وارڈ کلینر کے خلاف بھی معطلی کی کارروائی کی گئی ہے۔ تمام معطل ملازمین کو مزید احکامات کے لیے محکمہ صحت میں رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
حکام نے واقعے کی مکمل چھان بین کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔ کمیٹی کو گوجرانوالہ ٹیچنگ اسپتال میں مبینہ انتظامی غفلت اور سرکاری ادویات کی چوری سے متعلق اپنی رپورٹ 24 گھنٹے کے اندر پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات کے دوران ادویات کی منتقلی، ان کے ریکارڈ اور مبینہ فروخت سے متعلق تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ذمہ داری کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔