حج 2027: سرکاری اور نجی اسکیم کی درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں تبدیلی

حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی حج اسکیم کے تحت درخواستیں وصول کرنے کے شیڈول میں تبدیلی کردی گئی ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق درخواستوں کی وصولی اب آج کے بجائے 18 اگست سے شروع ہوگی۔

وزارت کے مطابق عازمین حج اپنی درخواستیں اور متعلقہ اخراجات آن لائن یا مقررہ بینک برانچز کے ذریعے جمع کراسکیں گے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے لیے صرف وہ افراد درخواست دینے کے اہل ہوں گے جو پہلے ہی متعلقہ نظام میں رجسٹرڈ ہیں۔ سرکاری اسکیم کے تحت حج اخراجات دو مساوی اقساط میں وصول کیے جائیں گے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق درخواستیں ’’پہلے آئیے، پہلے پائیے‘‘ کی بنیاد پر قبول کی جائیں گی اور مقررہ حج کوٹہ مکمل ہونے کے بعد مزید درخواستیں وصول نہیں کی جائیں گی۔

حج 2027 کے لیے سرکاری اسکیم کے تحت 1 لاکھ 7 ہزار 526 عازمین کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، جبکہ نجی حج اسکیم کے لیے مجموعی کوٹے کا 40 فیصد، یعنی 71 ہزار 684 نشستیں مقرر کی گئی ہیں۔