ہری پور میں مبینہ زیادتی کے مختلف واقعات، 8 نامزد ملزمان میں سے 7 گرفتار

ضلع ہری پور میں ایک ہی روز مبینہ زیادتی اور ہراسانی کے متعدد واقعات سامنے آئے، جن میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد 8 ملزمان میں سے 7 کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق پنیاں کے علاقے میں فرسٹ ایئر کے دو طالب علموں کو مبینہ طور پر 7 نوجوانوں نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے مبینہ طور پر متاثرہ نوجوانوں کی نازیبا ویڈیوز بھی بنائیں اور انہیں بلیک میل کرکے رقم وصول کی۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان اور دونوں متاثرہ نوجوان ایک ہی کلاس میں زیر تعلیم ہیں۔

دوسری جانب تھانہ صدر کی حدود میں 14 سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کی کوشش اور چھیڑ چھاڑ کے الزام میں جاوید محمد نامی شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔

ڈی ایس پی صدر فیصل حفیظ کے مطابق تینوں واقعات کے مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعات میں نامزد 8 ملزمان میں سے 7 کو حراست میں لیا جاچکا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمات میں دفعات 375A، 292، 385، 377 اور 53C کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔