ہرمن پریت کور کا بھارتی ویمنز ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ
بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے تمام فارمیٹس میں قیادت کی ذمہ داری سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔
سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں ہرمن پریت کور نے کہا کہ کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا، کیونکہ اس سفر کے ساتھ کئی برسوں کی یادیں، جذبات اور قربانیاں جڑی ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قیادت کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انہیں اپنی ذاتی کارکردگی، پیشہ ورانہ ترقی اور متعدد خواہشات کو بھی ترجیحی فہرست سے پیچھے کرنا پڑا۔
ہرمن پریت کور کی قیادت میں بھارتی ویمنز ٹیم نے 2025 کا ورلڈکپ جیتنے کے ساتھ 2026 کا ایشیا کپ بھی اپنے نام کیا، جبکہ ایشین گیمز میں بھارت نے ان کی کپتانی کے دوران مسلسل دو مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیے۔
ان کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار آسٹریلیا کو شکست دینے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس کے علاوہ بھارت نے 1999 کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ کے خلاف اس کی سرزمین پر دو طرفہ سیریز جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔
ہرمن پریت کور کے قیادت سے الگ ہونے کے بعد سمرتی مندھانا کو بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی نئی کپتان مقرر کیے جانے کا مضبوط امیدوار سمجھا جا رہا ہے۔