نماز کی پابندی سے ذہنی سکون ملا، ہمایوں سعید کا انکشاف
پاکستانی اداکار اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے اپنی زندگی میں آنے والی تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ باقاعدگی سے نماز ادا کرنے سے انہیں قلبی اطمینان حاصل ہوا اور زندگی کے بارے میں ان کا نقطۂ نظر بھی تبدیل ہوا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں ہمایوں سعید نے اپنے فنی سفر، نجی زندگی اور روحانیت سے وابستگی کے حوالے سے گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں وہ بھی کئی سال تک کام، کامیابی اور ترقی کی کوششوں میں مصروف رہے، جس کے دوران انہیں مسلسل آگے بڑھنے اور دوسروں سے مقابلے کا دباؤ محسوس ہوتا تھا۔
اداکار کے مطابق نماز کی باقاعدہ ادائیگی نے ان کی سوچ اور روزمرہ زندگی پر مثبت اثر ڈالا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس معمول کو اپنانے کے بعد انہیں اندرونی سکون ملا اور اب وہ پہلے کی نسبت مقابلے کی دوڑ اور ذہنی دباؤ کو کم محسوس کرتے ہیں۔
ہمایوں سعید نے مزید کہا کہ وہ اپنی موجودہ زندگی سے خوش اور مطمئن ہیں۔ ان کے بقول، روحانی وابستگی نے انہیں پہلے سے زیادہ پرسکون رہنے اور زندگی کو بہتر انداز میں دیکھنے میں مدد دی ہے۔